بھارت کا مشن چندریان 3کامیابی کے ساتھ چاند کے تاریک حصے پر اتر گیا ، جس کے ساتھ بھارت چاند پر جانے والا چوتھا اور چاند کے تاریک حصے پر لینڈ کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی خلائی ایجنسی کے ایک سینئر ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ چندریان تھری کے اس سفر میں 17منٹ ایسے آئے جو بھارتی خلائی ایجنسی کے لیے کٹھن تھے۔نلیش ایم ڈیسائی نامی اس سینئر ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ چندریان 3کی چاند پر لینڈنگ سے پہلے کے 17منٹ بہت چیلنجنگ تھے اور ہم بہت خوفزدہ تھے کہ اس آخری مرحلے میں اگر سافٹ لینڈنگ نہ ہوئی تو ہمارا مشن ناکامی سے دوچار ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان 17منٹ میں مشن نے چاند کی سطح پر 30کلومیٹر کی بلندی سے لینڈ کرنا تھا۔اس لینڈنگ میں لینڈر کی رفتار 1.68کلومیٹر فی سیکنڈ رہی۔ اس دوران چاند کی کشش بھی لینڈر کی رفتار پر اثرانداز ہونی تھی، لہٰذا اس مرحلے پر ہلکی سی غلطی تمام تر محنت کو غارت کر سکتی تھی۔چنانچہ اس پورے مشن میں لینڈنگ سے پہلے یہ آخری 17منٹ بہت صبر آزما تھے۔
