پاکستان ویمنز ٹیم گروپ اے میں شامل ہے، جہاں قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 5 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جبکہ گروپ کا تیسرا میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف ہوگا۔گروپ اے کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کی ٹیم کو تھائی لینڈ کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے تھائی لینڈ کے خلاف 94 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے لڑکوں کے خلاف بھی میچز کھیلے جس سے کافی اچھی پریکٹس ہوئی ہے۔ویمنز ایشیا کپ میں پاکستانی اسکواڈ فاطمہ ثناء کی قیادت میں عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، طوبہ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کے ساتھ بنگلادیش، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ایشیا کپ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 13 ستمبر کو ہوگا۔
