فیفاورلڈ کپ کی خوبصورت ترین تماشائی قرار پانے والی ماڈل پر حسد میں مبتلا ایک خاتون نے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق کروشیا کی اس ماڈل کا نام کنول ہے، جو اس وقت عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں کی زینت بنی جب قطر میں ہونے والے فیفاورلڈ کپ کے دوران کیمرہ مین نے اسے فوکس کیا اور یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔31سالہ کنول کو انٹرنیٹ صارفین نے فیفا کی خوبصورت ترین خاتون تماشائی قرار دے دیا۔ ان دنوں وہ چھٹیاں منانے کے لیے یونان کے سیاحتی مقام میکونوس پر موجود ہیں جہاں ان پر حملے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آور خاتون کا بوائے فرینڈ کنول کی طرف دیکھے جا رہا تھا، جس پر حسد کے مارے اس خاتون نے کنول پر حملہ کر دیا۔ کنول اس واقعے کے متعلق اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر بتاتی ہیں کہ ’’گزشتہ رات مجھ پر ایک اجنبی عورت نے حملہ کیا۔ وہ عمر کی 40کی دہائی میں تھی۔ میں اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھی چائے پی رہی تھی اور میرا خیال تھا کہ یونان جیسے محفوظ ملک میں مجھے سکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے۔اس کے مجھ پر حملہ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ جب سے میں ریسٹورنٹ میں داخل ہوئی، اس کا بوائے فرینڈ مجھے دیکھے جا رہا تھا۔ اپنے بوائے فرینڈ کے جانے کے بعد خاتون تین گھنٹے تک اکیلی بیٹھ کر میرے فارغ ہو کر باہر نکلنے کا انتظار کرتی رہی اور جونہی میں باہر نکلی، اس نے حملہ کرکے مجھے زخمی کر دیا۔‘‘
