چین کے صوبے شانچی کے علاقے میں 2 افراد کو ’’گریٹ وال آف چائنا‘‘کو بھاری مشینری کی مدد سے توڑ کر راستہ بنانے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا۔چین کےسرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت بیجنگ سے 6گھنٹے کی مسافت پر 2افراد کو دیوار چین کو توڑ کر راستہ بنانے کے جرم میں حراست میں لیا گیا ،جنہوں نے اعتراف کیا کہ وہ قریبی علاقے میں جانے کی مسافت کم کرنے کے لیے دیوار چین کو توڑ کر ’ شارٹ کٹ ‘ بنانا چاہتے تھے۔یاد رہے کہ دیوار چین تاریخی اہمیت کی حامل ہے جس کی تعمیر 3صدی قبل مسیح میں بادشاہ چن شی ہوانگ کے دور میں شروع ہوئی تھی اور صدیوں تک جاری رہی تھی۔دیوار چین کی تعمیر کا مقصد مقامی آبادی کو بیرونی حملہ آوروں سے بچانا تھا۔ اس کی مجموعی لمبائی تقریباً 13ہزار170 میل ہے۔گرفتار ہونےوالوں نے دیوار چین کے جس حصے کو توڑ کر ’ شارٹ کٹ ‘ بنایا ہے وہ منگ سلطنت کے دور میں چودھویں سے سترھویں صدی کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا۔سرکاری میڈیا کے مطابق ملزمان نے تاریخی دیوار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور بھاری مشینری کی وجہ سے دیوار کا اچھا خاصا حصہ ٹوٹ گیا ہے۔
