لیبیا میں آنے والے سمندری طوفان اور سیلاب کے باعث اب تک ہزاروں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ اب بھی لاپتا ہیں جن میں شامی اور فلسطینی مہاجرین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شام کی مشہور اداکارہ مہا المصری کا ایک بھانجا، اس کی بیوی اور بچے سیلاب کے بعد سے لاپتا ہیں۔اداکارہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا ہے کہ سیلاب اور سمندری طوفان کی وجہ سے ان کا بھانجا، اس کی بیوی اور 4 بچے لاپتا ہوگئے ہیں۔
مہا المصری نے اپنے رشتے داروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپیل کی کہ جو ان کے عزیزوں کے بارے میں کچھ بھی جانتے ہیں وہ ان کی تلاش میں مدد کریں۔انہوں نے اپنے رشتے داروں کے مقام کے بارے میں بھی بتایا جہاں طوفان سے قبل وہ موجود تھے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ لیبیا کے عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اللّٰہ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مشکل کی ان گھڑیوں میں انہیں طاقت اور امن عطا فرمائے۔انہوں نے مزید اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اے اللّٰہ لیبیا کے لوگوں کی حفاظت فرما، ہم ان کی زندگی، صحت اور خوشیاں تیرے سپرد کرتے ہیں، یا اللّٰہ ان کی کمزوری پر رحم فرما، ان کی پریشانیوں کو دور فرما، ان کی پریشانیوں کو آسان فرما اور ان کے مرنے والوں پر رحمت نازل فرما‘۔غیرملکی میڈیا کے مطابق لیبیا میں خوفناک سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس سیلاب کے باعث مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار 300 ہوگئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد لاپتا ہیں۔
Load/Hide Comments