امریکہ نے پاکستانیوں کیلئے ویزہ پراسیسنگ ٹائم میں کمی لانے کی خوشخبری سنادی

امریکی سفارتخانے کی طرف سے پاکستانیوں کو ویزہ پراسیسنگ ٹائم میں کمی لانے کی خوشخبری سنا دی گئی ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی طرف سے امریکی ویزے کے لیے دی گئی درخواستوں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح کو پہنچ گئی ہے۔اس وقت پاکستانیوں کی طرف سے امریکی ویزے کے لیے جتنی درخواستیں آ رہی ہیں، تاریخ میں کبھی نہیں آئیں۔ چنانچہ امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ وہ درخواستوں کی زیادہ تعداد کے پیش نظر ویزہ پراسیسنگ ٹائم کو کم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کو کم سے کم انتظار کرنا پڑے.بیان میں کہا گیا ہے کہ 2024ءمیں امریکی قونصل خانہ کراچی میں 10ہزار پاکستانیوں کی ویزہ درخواستیں شیڈول ہیں۔ بیان میں درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر آئندہ چند مہینوں میں امریکی قونصلیٹ کراچی میں ان کی ویزہ اپوائنٹمنٹ ہے تواپنا ای میل چیک کریں اور قونصلیٹ کی ویب سائٹ (ustraveldocs.com/pk)پر ’لاگ اِن‘ کریں اور اپنا متوقع اپوائنٹمنٹ وقت معلوم کریں۔
بیان کے مطابق ویزا کے لیے درخواست دینے والے شہری اپنی آسانی کے لیے کراچی میں قونصلیٹ جنرل یا اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں اپوائنٹمنٹ دوبارہ بک کرواسکتے ہیں۔ امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی 25ستمبر سے کچھ ایسے درخواست دہندگان کے لیے انٹرویو کی چھوٹ کی نئی درخواستیں لینا شروع کر دے گا، جنہیں پہلے امریکی ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ درخواست دہندگان اس چھوٹ کا اہل ہونے کے متعلق معلومات کے لیے بھی مذکورہ ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں