رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن 14اکتوبر کو ہو گا تاہم اس کا نظارہ پاکستان سے نہیں کیا جا سکے گا۔نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ماہرین فلکیات کی طرف سے اس سورج گرہن کو ’آگ کا ہالہ‘ (Ring of Fire)کا نام دیا گیا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اس گرہن میں سورج مکمل طور پر چاند کے پیچھے نہیں چھپ سکے گا بلکہ اس کے بیرونی کنارے نظر آتے رہیں گے جبکہ درمیانی حصہ سیاہ ہو جائے گا۔ اس طرح زمین پر سورج آگ کے ایک ہالے یا آگ کے دائرے کی شکل میں نظر آئے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔ جنوب مغربی میکسیکو، وسطی امریکا کے ممالک، وسطی کولمبیا اور شمالی برازیل سمیت دیگر خطوں میں اسے دیکھا جا سکے گا۔ 14اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 8بج کر 4منٹ پر سورج گرہن کا آغاز ہو گا۔ رات 10بج کر 59منٹ پر گرہن اپنے عروج پر ہو گا جبکہ 15اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 1بج کر 55منٹ پر اس کا اختتام ہو گا۔ اس طرح سورج گرہن کا دورانیہ لگ بھگ 5گھنٹے 47منٹ ہو گا۔
