بنگلہ دیش میں پاکستانی شہری کو عمرقید کی سزا سنادی گئی

بنگلہ دیش میں ہیروئن سمگلنگ کاالزام ثابت ہونے پر ایک پاکستانی شہری کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق بنگلہ دیش پولیس نے ساڑھے 10کلوگرام ہیروئن قبضے میں لے کر ملتان کے 48سالہ اللہ بخش ولد الہٰی بخش کو گرفتار کیا تھا۔ اللہ بخش کو ڈھاکہ کے سپیشل سیشنز جج نے سزا سنائی۔ اس کیس میں کراچی کے رہائشی ایک اور پاکستانی شہری محمد ہارون ولد عبدالرحمن کو بھی گرفتار کیا گیاتھا۔ تاہم اس کی زیرحراست ہی موت ہو جانے کی وجہ سے عدالت نے فیصلے میں اسے بری کر دیا۔ عدالت کی طرف سے اللہ بخش کو 20ہزار ٹکے (تقریباً ساڑھے 50ہزار روپے)جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اللہ بخش اور محمد ہارون کو بنگلہ دیش کی ایئرپورٹ آرمڈ پولیس بٹالین (اے اے پی بی این) نے 27فروری 2013ءکو حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کیا تھااور ان کے قبضے سے ساڑھے 10کلوگرام ہیروئن برآمد کی تھی، جس کی مالیت 10کروڑ ٹکے (تقریباً 25کروڑ 26لاکھ روپے) تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں