چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے آپریشنل ایئربیس پرجاری پاک فضائیہ کی چودہ ملکی فضائی مشق انڈس شیلڈ کا معائنہ کیا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کوایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں تربیتی سہولیات کے ساتھ ساتھ فضائی مشق کے دائرہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا،جنرل ساحر شمشاد نے مشق کے شرکاء کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے اس تاریخ ساز مشق کے انعقاد پر ایئر پاور سنٹر آف ایکسیلینس کی کاوشوں کو سراہا،ایئرچیف نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جانب سے مکمل حمایت کی تعریف کی اور افواجِ پاکستان کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لئے انکی بھرپور کاوشوں کو سراہا.انہوں نے کہا کہ یہ مشق نہ صرف شریک فضائی افواج کو اپنی بے مثال مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو نمایاں کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کررہی ہے بلکہ شریک عسکری دستوں کے مابین ربط اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے باہمی مفاہمت کو بھی مستحکم کرے گی۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مشق میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری سمیت 14 فضائی افواج شرکت کر رہی ہیں۔
