اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 3400 سے تجاوز کرگئی

غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ایک ہزار سے زائد بچوں سمیت 3400 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں ایک ہزار سے زائد بچوں سمیت 3478 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔فلسطینی وزیر اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 678 فلسطینی شہید ہوئے۔منگل کی شب غزہ کے ایک اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی طیاروں نے اسپتال کو نشانہ بنایا تھاجس میں طبی عملہ، مریض اور پناہ لیے ہوئے عام شہری شہید ہوئے تھے۔فلسطینی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ غزہ اسپتال پر حملے میں شہادتوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اسپتال کے بعد مرکزی غزہ کے مہاجر کیمپ نصیرت میں ایک مسجد پر فضائی کارروائی کی جہاں پناہ لیے ہوئے کئی بے گھر فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے 250 نہتے فلسطینیوں کو دھوکے سے قتل کرنے کے مناظر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔اسرائیلی فوج نے غزہ کے 11 لاکھ لوگوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کا جھوٹا اعلان کرکے نقل مکانی کرنے کا کہا اور پھر ان ہی پربمباری کردی تھی۔دیر البلاح میں گھر پر بمباری میں بھی درجن کے قریب فلسطینی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ کئی افراد ملبے تلے دبے ہیں۔اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے مغربی علاقے میں واقع ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر اور القدس اسپتال کے قریبی علاقے پر بھی 30 منٹ تک رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر بمباری کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں