گوجرانوالہ میں جعلی پولیس آفیسر بننے والی ایک ٹک ٹاکر لڑکی کو گرفتار کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق گرفتار لڑکی کا تعلق ضلع گجرات سے ہے۔ وہ ضلع گوجرانوالہ میں پولیس کی یونیفارم پہن کر لوگوں میں جاتی اور ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانیاں کراتی تھی۔حالیہ دنوں گوجرانوالہ میں تہرے قتل کی واردات ہوئی۔ یہ لڑکی مقتولین کے ورثاءکے پاس بھی گئی اور انہیں انصاف دلانے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کرائی، تاہم شک گزرنے پر مقتولین کے ورثاءنے پولیس کو رپورٹ کر دی، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔
