شارجہ میں 10سالہ بچے نے اپنے خاندان کو گزشتہ دنوں ایک رہائشی عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ سے بچا لیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق احمد ہیثم احمد النقبی نامی یہ بچہ اپنے دوچھوٹے بھائیوں 9سالہ نہیان اور 8سالہ مختوم کے ہمراہ سو رہا تھا جبکہ اس کے ماں باپ دوسرے کمرے میں تھے۔رات کے دو بچے احمد ہیثم کی اچانک آنکھ کھل گئی اور اس نے اپنے باپ کو آ کر جگا یا اوربتایا کہ ان کے کمرے میں کوئی چیز جلنے کے بو آ رہی ہے۔ اس کے باپ ہیثم احمد النقبی نے جا کر ان کے کمرے میں دیکھا تو وہاں ایئرکنڈیشننگ یونٹ سے دھواں اٹھ رہا تھا۔یہ یونٹ احمد ہیثم کے بستر کے عین اوپر تھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے یونٹ نے آگ پکڑ لی جو تیزی سے کمرے میں پھیلنے لگی۔ باپ نے اپنے فوری طور پر اپنے دوسرے دو بیٹوں کو بھی اٹھایا اور تمام لوگ گھر سے باہر نکل گئے۔ سول ڈیفنس ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ کو بجھایا۔آتشزدگی کے اس واقعے میں بچوں کا کمرہ پوری طرح جل گیا اور گھر کے دیگر حصوں کو بھی نقصان پہنچا تاہم سول ڈیفنس ٹیم نے بروقت کارروائی کرکے آگ کو دیگر گھروں تک پھیلنے سے روک دیا۔ ہیثم احمد النقبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے بڑے بیٹے نے ہم سب کو بچا لیا۔ اگر اس کی آنکھ نہ کھلتی تو ہم بڑی مصیبت سے دوچار ہو سکتے تھے۔
