بھارت میں انٹرنیٹ پر ہونے والی محبت نے نوجوان کو 22لاکھ روپے کی خطیر رقم سے محروم کر دیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق متاثرہ 30سالہ نوجوان کا تعلق ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے سے ہے، جس کی سوشل میڈیا پر گائتری نامی ایک لڑکی سے ہوئی۔ گائتری نے نوجوان کو بتایا کہ وہ مہاراشٹر ہی کے شہر سنگم نیر کی رہائشی ہے۔دونوں میں بات چیت شروع ہوئی جو بہت جلد محبت میں بدل گئی اور دونوں میں شادی کرنے اور تمام عمر ایک ساتھ گزارنے تک کے عہدوپیمان ہو گئے۔ نوجوان کو پوری طرح شیشے میں اتارنے کے بعد لڑکی نے اپنی مالی مجبوریوں کا رونا رو کر اس سے رقم اینٹھنی شروع کر دی۔ کچھ ہی عرصے میں نوجوان نے مجموعی طور پر لڑکی کو 22لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 73لاکھ 38ہزار پاکستانی روپے) بھجوا دیئے۔اتنی رقم بھجوانے کے بعد بھی جب لڑکی کی مشکلات ختم نہ ہوئیں اور نوجوان کی ملنے کی ہر درخواست وہ حیلے بہانے سے ٹالتی رہی تو اسے شبہ ہوا۔ ادھر لڑکی نے بھی بھانپ لیا کہ اب مزید رقم نہیں ملنے والی، چنانچہ اس نے لڑکے سے رابطہ ختم کر دیا اور فون نمبربند کرنے سمیت رابطے کے تمام راستے مسدود کر دیئے۔جس کے بعد نوجوان پولیس کے پاس گیا اور ملزمہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی۔ پولیس اس آن لائن فراڈ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
