پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کے بانی اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اشرف طاہر انتقال کرگئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اشرف طاہر امریکہ میں موجود تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا اور جان لیوا ثابت ہوا۔ یادرہے کہ ڈاکٹر طاہر پیشہ ورانہ کیریئر 1976 میں ینگسٹاؤن پولیس ڈیپارٹمنٹ کرائم لیبارٹری میں شروع کیا، پھر بینچ سائنٹسٹ سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے تک کام کیا۔ وہ الینوائے سٹیٹ پولیس، فرانزک سروسز اور شکاگو میں فارنزک بائیولوجسٹ کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ 15 سال تک میریون کاؤنٹی کے لیے فارنزک بیالوجی اور ڈی این اے ٹیکنیکل مینیجر کے طور پر کام کرتے رہے، میریون کاؤنٹی سے ریٹائر ہونے کے بعد انہوں نے “سٹرینڈ اینالیٹیکل لیب” کے نام سے نجی فرانزک ڈی این اے ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مشترکہ بنیاد رکھی اور پھر یاہوگا کاؤنٹی فرانزک سائنس لیبارٹریز میں بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ فارنزک ڈسپلن میں ایک قابل اعتبار پیشہ ور ہونے کے ناطے ڈاکٹر طاہر کو حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کے قیام کے لیے کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا اور وہ اپنی خدمات شاندار طریقے سے سرانجام دیتے رہے۔
