بھارت میں آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی برطانوی نژاد خاتون کو سزائے موت سنا دی گئی۔میل آن لائن کے مطابق رمن دیپ کور مان نامی نے 2016ءمیں سکھجیت سنگھ کے ساتھ مل کر اپنے شوہر گرپریت سنگھ کو قتل کیا۔ گرپریت اور سکھجیت دونوں بچپن کے دوست تھے تاہم سکھجیت نے اپنے دوست ہی کی بیوی کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کر لیے اور اس کے ساتھ مل کر دوست کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔38سالہ رمن دیپ کور برطانیہ کے شہر ڈربی کی رہائشی تھی اور اپنے شوہر کے ساتھ بھارت فیملی سے ملنے گئی جہاں اس نے یہ واردات کر ڈالی۔ قتل کے وقت گرپریت کی عمر 32سال تھی۔ رمن دیپ نے اسے بریانی میں نشہ آور چیز دے کر بے ہوش کیا اور رات کو گھر کا دروازہ کھول کرسکھجیت کو اندر داخل کیا، جس نے پہلے ہتھوڑے سے گرپریت کے سر میں ضربیں لگائیں اور پھر تیز دھار آلے سے اس کا گلہ کاٹ دیا۔ دوران تفتیش 34سالہ سکھجیت نے پولیس کو بتایا کہ قتل کی منصوبہ بندی رمن دیپ کور نے کی تھی، کیونکہ اس کا شوہر اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور وہ اس سے چھٹکارہ چاہتی تھی۔ واردات کے بعد گرپریت نے دبئی کی پرواز کا ٹکٹ بک کروا لیا اور فرار ہونے کی کوشش میں تھا کہ اسے گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت کی طرف سے رمن دیپ کور کو سزائے موت جبکہ گرپریت سنگھ کو عمر قید اور 2لاکھ 60ہزار پاﺅنڈ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
