خود کار گاڑی کا انتہائی خوفناک واقعہ پیش آگیا ، آدمی کو اس کی الیکٹرک کار نے ہی اغواءکر لیا

جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں لوگوں کے اغواءکے بارے میں تو آپ نے سن رکھا ہوگا، آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ گزشتہ روز برطانیہ میں ایک آدمی کو اس کی الیکٹرک کار نے ہی اغواءکر لیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ 53سالہ برائن موریسن نامی شخص کے ساتھ پیش آیا جس کی الیکٹرک کار ’ایم جی زیڈ ایس‘ میں ایسی خرابی آئی کہ وہ خودسے چلنے لگی اور برائن موریسن کے ہاتھوں سے اس کا کنٹرول نکل گیا۔
برائن موریسن اپنی 30ہزار ڈالر (تقریباً 85لاکھ روپے)مالیت کی گاڑی کے سٹیئرنگ وہیل سے بریک تک کچھ بھی استعمال نہیں کر سکتا تھا۔ گاڑی خودکار طریقے سے لگ بھگ 50کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی جا رہی تھی۔ گاڑی نے اپنے دروازے بھی لاک کر رکھے تھے لہٰذا برائن باہر بھی نہیں نکل سکتا تھا۔بالآخر برائن نے 999پر کال کرکے پولیس کو بلایا اور پولیس نے برائن کی گاڑی کے آگے اپنی گاڑی کھڑی کر دی تاکہ برائن کی گاڑی اس پولیس وین سے ٹکرا کر رک جائے۔ پولیس آفیسرز کا یہ حربہ کامیاب رہا۔ اس سے دونوں گاڑیوں کو کچھ نقصان تو پہنچا تاہم برائن کی منہ زور گاڑی پولیس وین سے ٹکرا کر رک گئی۔ اس واقعے پر ایم جی موٹرکمپنی برطانیہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم مسٹرموریسن کے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ہماری انجینئرنگ ٹیم ان کی گاڑی کا مکمل معائنہ کر سکے۔ ہم ایسے واقعات کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں کیونکہ ہمارے صارفین کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ “

اپنا تبصرہ بھیجیں