بینک میں جمع 5 لاکھ روپے سے زائد رقم کو تحفظ نہ ہونے کے بارے میں سٹیٹ بینک نے وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔ سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بینکوں میں موجود رقم بالکل محفوظ ہے ، بینک دیوالیہ ہونے کی صورت میں انشورنس کی رقم ڈپازٹرز کے لیے فوری دستیاب ہوتی ہے جبکہ بینک کے تصفیے کے بعد ڈپازٹس کی بقیہ رقوم بھی نکلوائی جاسکتی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونیوالے وضاحتی بیان کے مطابق نگرانی کے فریم ورک کے تحت پاکستان میں قائم بینکاری نظام مستحکم ہے اور ڈپازٹس محفوظ ہیں، پاکستان کے بینکاری نظام میں بہ کفایت سرمایہ موجود ہے، بینکاری نظام کے منافع میں تقریباً 125 فیصد اضافہ ہواہے اور بینکاری شعبے میں شدید دھچکے برداشت کرنے کی اہلیت مزیدبہتر ہوگئی ہے۔ ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن نے بھی تحفظ میں مزید اضافہ کیا ہے، ہر ڈپازٹر کو5 لاکھ روپے تک کا انشورنس کور فراہم کیا گیا ہے۔
