عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں 16اکتوبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے،عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب 7ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گلف مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 92جبکہ عالمی منڈی میں 84ڈالر پر آگئی اور اس ریٹ کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 22روپے کمی بنتی ہے جبکہ ڈیزل کی موجودہ قیمت میں بھی 20روپے سے زائد کی کمی بنتی ہے۔ڈالر ریٹ کے مطابق پاکستان میں فی بیرل تیل کی قیمت 26ہزار 220روپے ہے جبکہ 15ستمبر کو 29ہزار 898روپے تھی۔سٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں 20روپے سے زائد کی کمی ہو چکی ہے جبکہ دوسری جانب 23دن پہلے درآمد کئے جانے والا پیٹرولیم مصنوعات کا سٹاک بھی نکل چکا ہے،اگر حکومت نے ٹیکسز نہ لگائے تو عوام کو رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔
