رشمیکا مندنا کی ڈیپ فیک ویڈیو پر اصل لڑکی زارا پٹیل سامنے آگئی

حالیہ دنوں بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندنا کی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے بنائی گئی جعلی غیراخلاقی ویڈیو وائرل ہوئی۔ اس ویڈیو میں جس لڑکی کے جسم پر اداکارہ کا چہرہ لگایا گیا، اس لڑکی کا ردعمل بھی اب سامنے آ گیا ہے۔انڈیا ٹائمز کے مطابق اس لڑکی کا نام زارا پٹیل ہے، جس نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ اس ویڈیو میں اس کا جسم استعمال کیا گیا۔زارا پٹیل لکھتی ہے کہ ”مجھے معلوم ہوا ہے کہ کسی نے میرے جسم کو استعمال کرتے ہوئے ایک معروف بالی ووڈ اداکارہ کی نازیبا ویڈیو بنائی ہے۔ میری ویڈیو پر اداکارہ کا چہرہ لگایا گیا ہے۔ میں اس معاملے میں قطعاً ملوث نہیں ہوں۔ میں خود اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے پر بہت ڈسٹرب ہوں۔ میں خواتین اور لڑکیوں کے مستقبل کے متعلق پریشان ہوں جو اب اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے خوف کھائیں گی۔ اس حوالےسےرشمیکا مندنا کی طرف سےاپنے ایکس اکاﺅنٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ ”اپنی وائرل ہونے والی ڈیپ فیک ویڈیو کے متعلق بات کرنا میرے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔ یہ ایک انتہائی خوفناک عمل ہے۔ نہ صرف میرے لیے بلکہ ہم میں سے ہر ایک کے لیے یہ خطرناک ہے۔ اگر میرے ساتھ یہ واقعہ اس وقت ہوا ہوتا جب میں سکول یا کالج میں تھی، تو میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ میں اس سے کیسے نمٹتی اور خود کو کیسے بے گناہ ثابت کرتی۔ اس سے پہلے کہ ڈیپ فیک کی ٹیکنالوجی سے مزید لوگوں کی ساکھ کو نقصان پہنچے، ہمیں بطور کمیونٹی فوری طور پر اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔“اداکارہ کی جعلی نازیبا ویڈیو وائرل ہونے پر امیتابھ بچن سمیت دیگر بالی ووڈ سٹارز کی طرف سے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال روکنے کے لیےسخت اقدامات کا مطالبہ کیا تھا،جس پر حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا کے لیےایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔بھارتی وزارت الیکٹرونکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سوشل میڈیا کے لیے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ’ڈیپ فیک ویڈیوز‘ (جعلی ویڈیوز) بنانے اور سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں کوتین سال قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی سزائیں ہو سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں