پاکستانی حکومت کی طرف سے سال میں 2 بار گیس کی قیمت کا اعلان نہ کرنے پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق حالیہ مذاکرات میں آئی ایم ایف مشن نے نگران حکومت کو ہدایت کی ہے کہ گردشی قرضے کم کرنے کے لیے سال میں 2بار گیس کی قیمت بڑھائی جائے۔ نگران حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف مشن کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں یکم نومبر 2023ءکو گیس کی قیمت بڑھائی گئی ، جس سے آئندہ 8ماہ کے دوران حکومت کو 980ارب روپے کی آمدنی ہو گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت جنوری 2024ءمیں گیس کی قیمت میں ہونے والے اضافے کو ممکنہ طور پر آئندہ کے لیے منسوخ کر سکتی ہے۔ اس نشست میں آئی ایم ایف مشن کی طرف سے کہا گیا کہ گزشتہ تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے سیاسی وجوہات کی بناءپر گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں۔ موجود نگران حکومت کو قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ کرنا چاہیے تاکہ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کم ہو سکیں جو اس وقت 2.9ٹریلین روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
