ٹائی ٹینک کے ڈائننگ ایریاز کا مینیو بھی نیلامی کے لیے پیش کردیاگیا

برطانیہ میں آئندہ دنوں کچھ اشیاءکی نیلامی ہونے جا رہی ہے، جس میں گزشتہ صدی کے آغاز میں سمندر میں غرق ہونے والے شہرہ آفاق بحری جہاز ٹائی ٹینک کے ڈائننگ ایریاز کا مینیو بھی شامل ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹائی ٹینک کی فرسٹ کلاس کے مینیو میں اویسٹرز، سامن مچھلی، بیف، بطخ کا گوشت، روسٹ چکن، مٹر اور دیگر انواع اقسام کے کھانے تھے۔ٹائی ٹینک کے ان مینیوز کی تصاویر اس جہاز کے ڈوبنے کی 111ویں برسی پر جاری کی گئی تھیں جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل رہیں۔ ان تصاویر سے معلوم ہوا تھا کہ ٹائی ٹینک کے ڈائننگ ایریاز میں ہر دن کا الگ مینیو ہوا کرتا تھا۔ یہی نہیں بلکہ مینیوکو فرسٹ کلاس، سیکنڈ کلاس اور تھرڈ کلاس میں تقسیم بھی کیا گیا تھا۔ جہاز کی ان تینوں کلاسز میں مسافروں کو مختلف کھانے دیئے جاتے تھے۔توقع کی جا رہی ہے کہ نیلامی میں ٹائی ٹینک کا یہ مینیو 70ہزار پاﺅنڈ تک میں فروخت ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ رواں سال 15اپریل کو اس بدقسمت جہاز کے شمالی بحر اوقیانوس میں غرق ہونے کے 111سال مکمل ہوئے۔ یہ جہاز 11اپریل 1912ءکو ہزاروں مسافروں کو لے کر آئرلینڈ کے شہر کوئنز ٹاﺅن سے امریکہ کے شہر نیویارک کے سفر پر نکلا تاہم بحر اوقیانوس میں برف کے ایک پہاڑ سے ٹکرا کر سمندر میں ڈوب گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں