ارجنٹینا کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نےفیفا ورلڈکپ 2022 میں پہنی گئیں6 جرسیاں نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔لیونل میسی کے مطابق ان 6 جرسیوں میں وہ شرٹ بھی شامل ہے جو ورلڈکپ فائنل میں پہنی گئی تھی، ان کی نیلامی کے لیے بولی 30 نومبر سے 14 دسمبر تک آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق خیال کہا جارہا ہے میسی کی ان جرسیوں کی نیلامی ایک کروڑ ڈالر سے زائد میں ہوسکتی ہے جو کہ کھیل کی تاریخ میں اب تک کی سب سے قیمتی نیلامیوں میں سے ایک ہوگی۔36 سالہ میسی نے سوشل میڈیا پر نیلامی کی خبر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا کہ اس نیلامی سے حاصل رقم کا ایک حصہ بارسلونا کے چلڈرن اسپتال کو عطیہ کیا جائے گا۔ سب سے مہنگی فٹبالر کی جرسی کی نیلامی کی بات کریں تو وہ ریکارڈ ارجنٹینا کے آنجہانی فٹبالر میراڈونا کے پاس ہے جن کی 1986 میں انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ کواٹر فائنل میں پہنی گئی جرسی گزشتہ سال 93 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوئی تھی۔
