کولمبین گلوکارہ شکیرا کے خلاف سپین میں ٹیکس فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے عدالتی کارروائی سے بچنے کے لیے ہسپانوی حکام کے ساتھ ایک معاہدہ کر لیاجس کے تحت وہ حکام کو ڈیڑھ کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 5ارب 37کروڑ روپے) اداکریں گی۔ اس کے ساتھ گلوکارہ کو 64لاکھ پاﺅنڈ(تقریباً 2ارب 29کروڑ روپے)جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس معاہدے کے تحت گلوکارہ نے ٹیکس فراڈ کا جرم تسلیم کیا اور مذکورہ رقم ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ تاہم اس معاہدے کے برعکس گلوکارہ کا کہنا ہے کہ ”میں نے سپین میں کوئی ٹیکس فراڈ نہیں کیا۔ہسپانوی حکومت بااثر اور امیر لوگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہی ہے۔“ ان کا کہنا تھا کہ ”میں نے ناکردہ جرم کا اعتراف صرف اپنے بچوں کی خاطر کیا۔ اگر میں مقدمے کا سامنا کرنے کا فیصلہ کرتی تو میرے بچے بہت متاثر ہوتے۔“46سالہ گلوکارہ شکیرا نے اپنی ہسپانوی کمیونیکیشن ایجنسی کی طرف سے جاری بیان میں مزید کہا کہ ”معاہدے تک پہنچنے کا یہ فیصلہ ذاتی اور جذباتی وجوہات کی بناءپر کیا، جس کا قانونی وجوہات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں اپنی بے گناہی کا دفاع کرنے کے لیے تیار تھی تاہم میں نے اپنے کیریئر اور بچوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔ غوروفکر کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی کہ ایسی جیت جیت نہیں ہو گی جس کی قیمت یہ ہو کہ آپ سے آپ کی زندگی کے اتنے قیمتی سال چھین لیے جائیں۔“گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ہسپانوی حکومت جان بوجھ کر امیر اور باثر افراد کو نشانہ بنا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ہسپانوی حکام کی طرف سے شکیرا کے علاوہ دیگر کئی اہم شخصیات کے خلاف بھی ٹیکس فراڈ کے الزام میں کارروائی کی ہے۔ ان میں سٹار فٹ بالرز کرسٹیانورونالڈو، لیونل میسی، ڈیاگو کوسٹا و دیگر شامل ہیں۔ ان سب نے بھی مقدمے کا سامنا کرنے کی بجائے معاہدے کیے اور بھاری رقوم جرمانے کے طور پر ادا کیں۔
