فرانس سے غیرقانونی طور پر برطانیہ میں داخل ہونے کی کوشش میں کشتی ڈوبنے سے ایک مرد اور خاتون ہلاک ہو گئے۔ اس کشتی پر 60لوگ سوار تھے، جنہیں فرانسیسی پولیس اپنی حدود میں روکنے میں ناکام رہی ۔برطانوی حدود میں پہنچ کر یہ کشتی وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے الٹ گئی۔ اس میں سوار باقی تمام لوگوں کو بچا لیا گیا تاہم ایک مرد اور ایک خاتون کشتی کے ساتھ ہی پانی میں ڈوب گئے۔2 سال قبل ایسے ہی واقعے میں اسی آبنائے میں 27لوگ کشتی الٹنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے مردوخاتون کی عمریں 30سال کے لگ بھگ تھیں۔برطانوی حکام کی طرف سے عدالت میں بتایا گیا کہ جس فرانسیسی بندرگاہ سے یہ کشتی روانہ ہوئی وہاں فرانسیسی پولیس موجود تھی۔ اس کے باوجود وہ کشتی کو روکنے میں ناکام رہے۔ حکام نے عدالت میں بتایا گیا کہ ایک تیسرا شخص بھی پانی میں ڈوب گیا تھا تاہم اسے بروقت نکال لیا گیا، جس سے اس کی جان بچ گئی۔ وہ اس وقت ہسپتال میں ہے۔ کشتی میں سوار دیگر لوگوں کو برطانیہ لے آیا گیا ہے، جن میں سے بعض ہائپوتھرمیا کا شکار ہو چکے تھے۔ انہیں بھی طبی امداد دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
