روسی صدرکی لگژری کشتی اس وقت کہاں ہے، اپوزیشن لیڈر کا حیران کن انکشاف

روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی اربوں روپے مالیت کی کشتی اس وقت کہاں کھڑی ہے۔ روس کے ایک اپوزیشن لیڈر نے اس حوالے سے حیران کن دعویٰ کر دیا ہے۔ نیوز ویک کے مطابق میخائیل کودورکوسکی نامی اس اپوزیشن لیڈر نے اپنے ایکس اکاﺅنٹ پر ایک تھریڈ میں اس لگژری کشتی کے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ یہ گزشتہ سال اکتوبر کے بعد سے ترکی کے شہر استنبول کی ایک بندرگاہ پر کھڑی ہے۔میخائیل کودورکوسکی نے اس 5کروڑ ڈالر (تقریباً 14ارب 12کروڑ روپے)مالیت کی کشتی کی اندرونی تصاویر شیئر کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ”ترکی نیٹو افواج کا رکن ملک ہے، چنانچہ روس کے صدر کی کشتی نیٹو کے ایک رکن ملک میں کھڑی کیا کر رہی ہے؟ یہ کیسے ممکن ہے اور اس سے ہمیں پیوٹن کی حکومت کے کردار کے بارے میں کیاپتا چلتا ہے؟“رپورٹ کے مطابق 60فٹ لمبی اس کشتی کی اندرونی تصاویر آنکھوں کو چندھیا دینے والی لگژری کی حامل ہیں۔ قبل ازیں میڈیا رپورٹس میں اس حوالے سے بتایا جا چکا ہے کہ یہ کشتی صدر پیوٹن نے 2019ءمیں حاصل کی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ صدر پیوٹن اپنی پارٹنر الینا کبائیوا کے ہمراہ اس کشتی میں گاہے سیاحت سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں