کراچی کے شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی ، 9 افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری

راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔جناح ہسپتال کے حکام کے مطابق 7 میتوں کو جناح ہسپتال جب کہ ایک سول اور ایک کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صبح 6 بجے لگنے والی آگ عمارت کی چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیلی جس وجہ سے درجنوں دکانیں جل گئی ہیں جب کہ کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت سے 42 افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے تاہم دم گھٹنے کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دیگر 8 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، عمارت کے اندر مزید لوگوں کے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12 گاڑیاں، 2 اسنارکل اور تقریباً 50 فائر فائٹر کی مدد سے آگ بجھانے میں مصروف تھے جب کہ اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں دھواں بھرنےکے باعث آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، فائر بریگیڈ کے علاوہ ریسکیوکے دیگرادارے بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، تاہم عمارت میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں