لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیاہے۔ اس گروپ میں کن کن کو شامل کیا گیا اس حوالے سے جو تفصیلات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق وفاقی، صوبائی محکموں اور ریسرچ سے وابستہ عسکری اداروں کے نمائندے کو ورکنگ گروپ میں شامل کیا گیا ہے،ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ چیف سیکریٹری پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں لاہور میں مصنوعی بارش برسانے اور سموگ ریڈکشن ٹاور کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، وفاقی اور عسکری اداروں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی، جس میں مصنوعی بارش برسانے کے لیے طریقے کار پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے پہلا ٹرائل 4 سے 6 ہفتے میں متوقع ہے، کیمیائی عمل سے کلاؤڈ سیڈنگ کا زیادہ انحصار موسمی حالات اور بادلوں کی تشکیل پر ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کلاؤڈ آئیونائزیشن کے لیے دبئی کی کمپنی سے ایم او یو آخری مراحل میں ہے، 6 ہفتوں میں دبئی کی کمپنی کے 5 سسٹمز سے کلاؤڈ آئیونائزیشن کا تجربہ کیا جائے گا۔لاہور میں سموگ ریڈکشن ٹاورز کی تنصیب کے لیے ماہرین کی ٹیم اگلے ماہ چین جائے گی، اس حوالے سے منصوبوں کی نگرانی کے لیے محکمۂ تحفظِ ماحولیات میں مانیٹرنگ سیل بنایا جا رہا ہے۔
