پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فاسٹ بولر محمد عامر اور عماد وسیم کو خود فون کیا لیکن دونوں نے دوبارہ پاکستان کیلئے کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرپاکستان کرکٹ ٹیم محمد حفیظ نے بتایا کہ آسٹریلیا کھیلنے نہیں اچھا پرفارم کرنے اور جیتنے کے لیے جا رہے ہیں اور اس کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں ۔محمد حفیظ نےکہا کہ ابھی ہیڈ کوچ کی ضرورت نہیں ہے، سینٹرل کنٹریکٹڈ کھلاڑیوں کی پہلی ترجیح ملک کے لیے دستیابی ہے ، عماد وسیم اور محمد عامر سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن وہ دستیاب نہیں تھے ۔انہوں نے بتایا کہ عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے تھے، اس لیے میں نے ان کو خود فون کیا اور بتایا کہ آپ ہمارے پلان میں موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ آپ مزید پاکستان کی نمائندگی کریں جس پر انہوں نے سوچنے کا وقت لیا اور دو دن بعد جواب دیا کہ وہ نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے دستیاب نہیں جبکہ اس پیغام کے دو ہی دن بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔محمد حفیظ نے کہا کہ اسی طرح میں نے محمد عامر کو بھی فون کیا اور درخواست کی کہ اگر آپ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں تو آپ ریٹائرمنٹ واپس لیں اور ڈومیسٹک کھیلیں اور اچھا پرفارم کرکے ٹیم میں شامل ہوجائیں۔ڈائریکٹرپاکستان کرکٹ ٹیم محمد حفیظ نے بتایا کہ میں نے عامر کو کہا کہ آپ کو یکساں مواقع دیے جائیں گے جس پر انہوں نے انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ میں زندگی میں آگے بڑھ چکا ہوں اور پاکستان ٹیم کے بجائے انٹرنیشنل لیگز کھیلنا بہتر سمجھتا ہوں۔
