سعودی عرب نے برطانوی دارالحکومت لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے شیئرز خریدنے کا معاہدہ کرلیا

سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ(پی آئی ایف) نے برطانوی دارالحکومت لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے 10فیصد حصص خریدنے کا معاہدہ کر لیا۔ پی آئی ایف نے ہسپانوی انفراسٹرکچر کمپنی ’فیروویل‘ کے ساتھ یہ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت پی آئی ایف ہیتھرو ایئرپورٹ ہولڈنگز کی ہولڈنگ فرم ’ایف جی پی ٹاپ کو‘ کے دس فیصد حصص خریدے گا۔
اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ پی آئی ایف فرانس میں قائم پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ ’آرڈین‘ کے ذریعے ایئرپورٹ کے مزید 15فیصد حصص بھی خریدے گا۔ فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے ہیتھرو ایئرپورٹ کے حصص خریدنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب ایئرپورٹ کے 25فیصد حصص کی مالک ہسپانوی کمپنی نے اپنے حصص فروخت کرنے کی منظوری دی۔رپورٹ کے مطابق فیروویل نامی یہ کمپنی 2006ءسے ایئرپورٹ کے ان 25فیصد حصص کی مالک ہے۔ قبل ازیں اس کمپنی کے پاس ہیتھرو ایئرپورٹ کے 56فیصد حصص تھے تاہم بعد ازاں کمپنی کی طرف سے باقی حصص فروخت کر دیئے گئے۔کمپنی کے مطابق سعودی فنڈ کے ساتھ اس کا 3ارب ڈالر مالیت کا یہ معاہدہ طے پایا ہے۔اس حوالے سے سعودی فنڈ کا کہنا ہے کہ ”یہ خریداری اب بھی ریگولیٹری منظوری سے مشروط ہے۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں