اداروں پر حملہ آور ہونے کا منصوبہ بنی گالہ میں بنا تھا، احسن اقبال

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ لندن پلان کا کوئی وجود نہیں بلکہ بنی گالہ میں پاکستان کے اداروں پرحملہ آور ہونے کا منصوبہ بنا تھا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے منظم سازش کے تحت نوجوانوں اور عوام میں اداروں کی حرمت کو ختم کیا، پی ٹی آئی نے 2014 میں پارلیمنٹ پر حملہ کر کے اس کی حرمت ختم کی جبکہ 9 مئی کو دفاعی اداروں کے دفاتر پر حملہ کر کے اس کی حرمت کو ختم کیا گیا۔کمزور سے کمزور بھی ملک اپنے شہید کا احترام سکھاتا ہے لیکن پاکستان میں تو شہیدوں کی حرمت کو پامال کر دیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے آئین کو پامال کیا۔لندن پلان کے تحت انہیں نکالا گیا تھا لیکن لندن پلان کا تو وجود ہی نہیں بلکہ بنی گالہ کا مکروہ پلان بنا تھا۔لیگی رہنما احسن اقنال نے کہا کہ آج اہم فیصلہ کرنا ہے کہ 2047 میں 100 سال مکمل ہونے پر پاکستان کہاں کھڑا ہوگا، 2008 سے 2013 تک ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، 2013 سے 2018 تک (ن) لیگ اور 2018 سے 2022 تک پی ٹی آئی کی حکومت رہی۔انہوں نے کہا کہ موازنہ کریں تو (ن) لیگ دور حکومت کی کارکردگی کوہ ہمالیہ سے اونچی ہے، (ن) لیگ نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی ختم کی جبکہ سی پیک کو پروان چڑھایا۔احسن اقبال نے کہا کہ مخلوط حکومت نے ملک کو تباہی سے بچایا جہاں بانی پی ٹی آئی پاکستان کو پھینک کر چلے گئے تھے، نگران حکومت مخلوط حکومت کی بنیاد پر ہی مزید اصلاحات کر رہی ہے، اگلے 5 سال ایسی حکومت چاہیے جس میں ملک کی معیشت سنبھالنے کی صلاحیت ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں