بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے صارفین سے کروڑوں روپے کی زائد وصولی ثابت ہو گئی

نیپرا کی تحقیقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی طرف سے صارفین سے کروڑوں روپے کی زائد وصولی (اووربلنگ) ثابت ہو گئی ہے جس پر نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی ڈسکوز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ڈسکوز کی طرف سے اووربلنگ کے معاملے پر نیپرا نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جولائی اور اگست کے مہینوں میں 30دن سے زائد بلنگ کرنے کی وجہ سے لاکھوں صارفین متاثر ہوئے۔ ان صارفین کے بلوں پر میٹر ریڈنگ کی تصویر بھی نہیں لگائی گئی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خراب میٹر بروقت تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے ڈسکوز کی جانب سے اوسط بل بھیجے گئے، جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین بالخصوص گھریلو اور کم بجلی استعمال کرنے والوں کو بجلی کے غلط اور زائد بلوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈسکوز کی طرف سے لاکھوں صارفین کو غلط ڈیٹیکشن بل بھیجے گئے۔ نیپرا نے ڈسکوز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں