امریکہ میں نوڈلز بنانے والی ایک کمپنی کی طرف سے پیکٹ پر معلومات درست نہ ہونے پر مارکیٹ سے اپنے نوڈلز واپس اٹھا لیے۔ نیوز ویک کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کمپنی کی طرف سے اپنے نوڈلز میں مونگ پھلی استعمال کی جا رہی تھی، تاہم نوڈلز کے پیکٹ کے اوپر بتائے گئے اجزاءمیں مونگ پھلی کو غلطی سے شامل نہیں کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے اس حوالے سے ایک وارننگ جاری کی گئی، جس کے بعد کمپنی نے اپنے تمام نوڈلز مارکیٹ سے واپس اٹھانے شروع کر دیئے۔ فوڈ اینڈ ڈرنگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری کی گئی وارننگ میں کہا گیا تھا کہ جن لوگوں کو مونگ پھلی سے الرجی ہے وہ ان نوڈلز کو ہرگز استعمال نہ کریں۔رپورٹ کے مطابق نوڈلز کے یہ پیکٹ کیلیفورنیا کے متعدد شہروں میں ’نیو انڈیا بازار سٹورز‘ پر فروخت کے لیے بھجوائے گئے تھے۔واضح رہے کہ امریکہ میں بچوں میں پائی جانے والی الرجیز میں مونگ پھلی سے الرجی سب سے زیادہ عام ہے۔ 2021ءمیں ہونے والے ایک تحقیقاتی سروے میں بتایا گیا تھا کہ 46لاکھ امریکی بچوں کو مونگ پھلی سے الرجی ہے۔
