کراچی:گلستان جوہر میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک بھائی جاں بحق، دوسرا زخمی

کراچی میں ڈکیتوں نے ایک اورنوجوان سے سانسیں چھین لیں۔گلستان جوہرمیں گاڑی نہ روکنے پرڈکیتوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہرتھانے کے علاقے گلستان جوہربلاک 2 میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نےڈکیتی کی نیت سے گاڑی میں سوار2 بھائیوں کوروکنے کی کوشش کی توگاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ایک بھائی نے گاڑی بھگادی جس پرمسلح ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کی اورفرارہوگئے۔مسلح ملزمان کی فائرنگ سے گاڑی کی فرنٹ سیٹ پربیٹھا دوسرا بھائی کمرمیں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے اس کا بھائی تیزی سے جوہرچورنگی کے قریب واقع ہسپتال لے جا رہا تھا کہ گلستان جوہرفلائی اوور کا موڑکاٹتے ہوئے پتھرسامنے آنے پرگاڑی الٹ گئی۔گاڑی الٹنے کے نتیجے میں گاڑی چلانے والا بھائی بھی سراورچہرے پرچوٹیں لگنےسے شدید زخمی ہوگیا دونوں بھائیوں کو فوری طور پرقریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والے نوجوان کی موت کی تصدیق کردی۔مسلح ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 25 سالہ مرتضیٰ حسین رضوی ولد اختر حیسن رضوی کے نام سے کی گئی جبکہ گاڑی الٹنے سے زخمی ہونے والے دوسرے بھائی کی شناخت27 سالہ علی حسین رضوی کے نام سے کی گئی۔جاں بحق اور زخمی بھائی گلستان جوہر بلاک 2 کے رہائشی ہیں ،مقتول مرتضی حسین کے بھائی علی حسین نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ گھر سے نکلے تو اسلحہ لیے افراد کھڑے تھے، ہمیں شک تھا کہ واردات کے لیے کھڑے ہیں ہم نے گھبرا کے گاڑی بھگائی تو ملزمان نے پیچھے سے دو فائر کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں