قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں لڑنے کا جذبہ ہے اور وہ پی ایس ایل میں کپتان بنے تو ٹیم کو ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت سب لوگوں کو غلط ثابت کر دیا ۔مقامی ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں فخر زمان کا کہناتھا کہ ہر میچ کے ساتھ ان کی قیادت میں بہتری نظر آئی،وہ تمام پلیئرز کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، لاہور قلندرز کیلیے انھوں نے بہترین پرفارم کیا، کپتان میں یہی بے خوفی ہونا چاہیے،میری دعا ہے کہ انھیں جو ٹیم ملے اس میں فٹنس کے مسائل نہ ہوں، ورلڈکپ میں نسیم شاہ کی انجری سے مشکل ہوئی تھی۔دورہ نیوزی لینڈ کی تیاری کے سوال پر فخرزمان نے کہا کہ ہم نے اتنی زیادہ کرکٹ کھیلی ،فارم اچھی ہو تو اب کنڈیشنز سے زیادہ فرق نہیں پڑتا،گیند بیٹ پر آرہی ہے، ٹیم کمبی نیشن بھی اچھا ہے،ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ورلڈکپ کے دوران فارم میں واپسی کے سوال پر فخرزمان نے کہا کہ ہم عام طور پر معمول کی پریکٹس ہی جاری رکھتے ہیں، کوشش تو تھی کہ لمبی اننگز کھیلوں مگر ایشیا کپ میں سری لنکن پچز میرے اسٹائل کے موافق نہیں تھیں، میں نیٹ پریکٹس میں بہت محنت کر رہا تھا، پہلے اگر 200 گیندیں کھیلتا تھا تواس سے زیادہ کھیلیں،ذہنی طور پر تو کام ہوتا ہے مگر تکنیک کے حوالے سے میں نے کچھ خاص کرنے کی کوشش نہیں کی، ویسی ہی پریکٹس کی جیسی پہلے کرتا رہا تھا،کوچز سے بات چیت ہوتی رہی، انٹرنیشنل پلیئرز نے بھی کال کی کہ یہ کرلو تو بہتر ہوگا،اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کوئی غلطی کررہا ہوں تو نہ کروں۔
