مصرمیں ہونے والے صدارتی انتخابات میں الیکشن کے روز عجیب عجیب واقعات دیکھنے کو ملے مگر ایک واقعے نے عوامی حلقوں میں ایک تنازع کو جنم دیا ہے۔ ایک پولنگ اسٹیشن کے اندر احرام پہنے ایک مصری نوجوان کی تصویروائرل ہورہی ہے۔مصری میڈیا کے مطابق احرام میں نظر آنے والا ووٹر قاہرہ ایئرپورٹ پر ارائیولزلاؤنچ کے اندر اپنا ووٹ کاسٹ کر رہا تھا۔ اس نے عمرہ کے لیے روانہ ہونا تھا مگر عمرہ کے لیے سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل اس نے ہوائی اڈے پر ووٹ کاسٹ کیا۔ایک اور ووٹر کو قاہرہ کے مشرق میں احرام میں ایک پولنگ سٹیشن پردیکھا گیا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا احرام پہنا یہ ووٹر ابھی عمرہ کرنے جا رہا تھا یا واپس آ رہا تھا۔یاد رہے کہ آج منگل کو تقریباً 11ہزار ذیلی اسٹیشنوں پرمسلسل تیسرے دن صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈالے گئے۔مصری الیکشن کمیشن کے سربراہ کاکہنا ہے کہ پولنگ میں اب تک ٹرن آؤٹ تقریبا 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موجودہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نمایاں ترین صدارتی امیدوار ہیں اور ان کی کامیابی کے زیادہ امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
