10سالہ پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی سارہ شریف کے مبینہ قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سارہ کے والدین اور چچا نے برطانیہ کی ایک عدالت میں اس کے قتل کا جرم قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔یاد رہے کہ سارہ شریف کی لاش 10 اگست کو جنوبی انگلینڈ کے شہر ووکنگ میں ان کے گھر سے ملی تھی۔پوسٹ مارٹم کے معائنے میں پتا چلا تھا کہ اسے طویل عرصے سے ’متعدد اور وسیع زخم‘ آئے ہیں۔اس کے والد 41 سالہ عرفان شریف، سوتیلی ماں 29 سالہ بینش بتول اور بھائی 28 سالہ فیصل ملک نے لڑکی کو قتل کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے اپنی درخواستیں داخل کیں۔تفتیش کاروں کے مطابق سارہ کی لاش پاکستان سے ایک شخص کی جانب سے اپنے آپ کو باپ کے طور پر شناخت کرنے والے افسروں کو ہنگامی کال کرنے کے بعد ملی تھی۔سارہ کی لاش ملنے سے ایک دن قبل تینوں ملزمان کے پانچ دیگر بچوں کے ساتھ برطانیہ سے پاکستان چلے گئے تھے۔انہیں ستمبر میں دبئی سے پرواز سے اترنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔توقع ہے کہ اس مقدمے کی سماعت ستمبر 2024 میں شروع ہو گی اور چھ ہفتے تک چلے گی۔
