سندھ ہائیکورٹ نے ٹیکسٹائل صنعت کیلئے گیس کی قیمت بڑھانے کا سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ٹیکسٹائل صنعت کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا ایس ایس جی سی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ گیس کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن کی معطلی کا اطلاق صرف درخواست گزاروں پر ہوگا۔حکم نامے کے مطابق ٹیکسٹائل صنعتیں اضافی بل ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائیں جبکہ حکم امتناع ان صنعتوں کیلئے ہے جو 7 روز میں اضافی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائیں گی اور اگرگیس کے 2 بلوں کی اضافی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع نہیں کرائی گئی تو حکم امتناع ختم ہو جائے گا جب تک درخواستوں کا فیصلہ نہیں ہوجاتا بلوں کی اضافی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع رہے گی۔فیصلے میں کہا گیا کہ صنعتیں گیس کی قیمت میں اضافے سے پہلے والے ٹیرف کے مطابق درخواست گزار ریگولر بل ادا کرتی رہیں۔عدالت نے ایس ایس جی سی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ ایس ایس جی سی نے 8 نومبر 2023 کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، نگران حکومت کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اختیار نہیں ہے۔
