ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کرتے ہیں لیکن انتخابات کرانے کے طریقہ کار یا امیدواروں سے متعلق کوئی حکم صادر نہیں کرسکتے۔میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی وزارت خارجہ نےکہا کہ ہماری دلچسپی پاکستان سمیت کسی بھی ملک میں جمہوریت کے فروغ میں ہے، ہم پاکستان میں آئین اور قوانین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں۔ میتھو ملر نے کہا کہ امریکا پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں کسی خاص امیدوار یا پارٹی کی حمایت نہیں کرتا۔ پاکستان میں جمہوریت کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں لیکن یہ حکم نہیں دے سکتے کہ وہاں انتخابات کیسے کرائے جائیں،امریکا کی خواہش ہے کہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور پُر امن طریقے سے کرائے جائیں جس میں اپوزیشن سمیت سب کو اظہار رائے اور انتخابات میں حصہ لینے کی مکمل آزادی ہو۔ ایسا جمہوری عمل متحرک ہو جس پر سب کو اعتماد ہو۔
