استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا تا حیات نااہلی ختم ہونے پر ردعمل میں کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے تا حیات نا اہلی کیس میں لینڈ مارک ججمنٹ دی ،ججمنٹ نے جمہوری راہداریوں میں بچھائے گئے کانٹے چن لئے ہیں۔ اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں پر بطور امیدوار نا اہلی کی قدغن لگانا غیر جمہوری عمل تھا،سیاسی نمائندوں کا پارلیمنٹ فلور تک پہنچنا ان کا بنیادی جمہوری حق ہے۔ فیصلے نے سیاسی رہنماؤں کا بنیادی جمہوری حق انہیں واپس لوٹایا ہے،فیصلہ دیر آید درست آید کی عملی مثال بن کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اس فقید المثال فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے،آج ملک کی آئینی تاریخ میں انصاف کا بول بالا اور نا انصافی کا منہ کالا ہوا ہے،جہانگیر خان ترین عوام کے قائد ہیں، عوامی قیادت بحال ہوئی ہے،ان کی سیاست کو تعصب اور تنگ نظری کی بھینٹ چڑھایا گیا تھا،آئی پی پی کا شاہین اب اپنے دونوں پروں سے پرواز کرے گا،جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان اس شاہین کے دو پر ہیں۔
