سپریم کورٹ میں بلے کے نشان کیخلاف الیکشن کمیشن کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی درخواست کی سماعت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو انتخابی نشان بلے کی الاٹمنٹ کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیاگیا تھا کہ پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ کے مطابق نہیں کرائے، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کیخلاف ہے،درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
