پاکستانی کرکٹ سٹار شعیب ملک کی بھارتی ٹینس سٹار اہلیہ ثانیہ مرزا کی ایک پراسرار سوشل میڈیا پوسٹ نے ایک بار پھر ان کی طلاق کی افواہ پھیلا دی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق 2022ءمیں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی افواہ کافی گرم رہی مگر خوش قسمتی سے یہ افواہ ہی ثابت ہوئی اور وہ تاحال ہنسی خوشی زندگی گزار رہے ہیں۔اس وقت بھی اس افواہ کے پھیلنے میں ثانیہ مرزا کی کچھ پراسرار سوشل میڈیا پوسٹس کا ہاتھ تھا اور اب ایک بار پھر ان کی طرف سے ویسی ہی وپسٹ سامنے آ گئی ہے۔ اپنی اس پوسٹ میں وہ لکھتی ہیں کہ ”شادی بہت مشکل ہے، طلاق بہت مشکل ہے، اپنی مشکل کا انتخاب کریں۔ موٹاپا مشکل ہے، فٹ رہنا مشکل ہے، اپنی مشکل کا انتخاب کریں۔ “وہ مزید لکھتی ہیں کہ ”مقروض ہونا مشکل ہے، مالی طور پر منظم ہونا مشکل ہے، اپنی مشکل کا انتخاب کریں۔ گفتگو کرنا مشکل ہے، گفتگو نہ کرنا مشکل ہے، اپنی مشکل کا انتخاب کریں۔ زندگی کبھی آسان نہیں ہو گی، یہ ہمیشہ مشکل ہی رہے گی لیکن ہم اپنی مشکل کا انتخاب کر سکتے ہیں، لہٰذا عقلمندی سے یہ انتخاب کیجیے۔“ثانیہ مرزا کی اس مبہم پوسٹ پر انٹرنیٹ صارفین میں ایک بار پھر ثانیہ اور شعیب کی طلاق کے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ثانیہ مرزا او شعیب ملک 2010ءمیں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے اور اب ان کا ایک بیٹا ہے جس کا نام اذہان مرزا ملک ہے۔
