تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی انتخابی مہم چلانے والے پی ٹی آئی رہنما لال مالہی نے کہا ہے کہ چھاچھرو میں مقامی انتظامیہ نے الیکشن کمیشن کےاحکامات کی دھجیاں اُڑا دیںا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار مخدوم شاہ محمود قریشی کی انتخابی مہم کے لیے جانے والے پی ٹی آئی امیدوار لال چند مالہی کو پولیس نے روک لیا، انہوں نے میڈیا کو بیان جاری کرتےہوئے کہا کہ مجھے اپنے ساتھیوں سمیت کانٹیو کے مقام پر پولیس نے چھاچھرو جانے سے روک لیا ہے۔ ہم پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی جو تھرپارکر کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 214 سےالیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ان کی الیکشن مہم کے سلسلے میں چھاچھرو شہر میں پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مجھےشرکت کرنا تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بلاجواز تھرپارکر کی پولیس نے روکا ہے، یہ الیکشن کمیشن کے احکامات کی توہین ہے۔ پی ٹی آئی امیدوار لال مالہی نے کہا کہ جتنے بھی اوچھے ہتھکنڈے آزما لیے جائیں، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ لال مالہی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ہی اس ملک کی تقدیر بدلیں گے، یہ ہمیں جلسے، جلوسوں اور کارنر میٹنگز سےتو روک سکتےہیں لیکن عمران خان اور شاہ محمود قریشی عوام کے دلوں میں راج کرتے ہیں، انہیں وہاں سے کیسے نکالیں گے۔
