سینئر نائب صدر استحکام پاکستان پارٹی ہمایوں اخترخان نے بار بار الیکشن جیتنے کی وجہ بتادی، کہتے ہیں میں لوگوں کو دھوکہ نہیں دیتا اسی لئے لوگ مجھے بار بار منتخب کرتے ہیں۔تاندلیانوالہ کے علاقے ماموں کانجن میں انتخابی مہم کے دوران اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ انتہائی پسماندہ ہے جسے دیکھ کر دل دُکھی ہوتا ہے،ہم نیک نیت لوگ ہیں ،ہم کمیشن اور قبضے کی سیاست کا سوچ کر نہیں آئے، ہم عوام کی خدمت کی سوچ لے کر آئے ہیں،میں 20سال پارلیمنٹ کا ممبر رہا ہوں ، وفاقی وزارتیں سنبھالیں۔ووٹرز ذات برادری کی سیاست سے بالا تر ہو کر علاقے کی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کو پیش نظر رکھ کر درست فیصلہ کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا وعدہ ہے کہ منشور پر عمل کر کے بلا تفریق سارے علاقے کی تقدیر بدلیں گے،عوام کو ہماری اور دہائیوں سے نمائندگی کے دعویداروں کی کارکردگی میں واضح فرق نظر آئے گا ،حلقے کی عوام سے جو وعدے کر رہے ہیں ان پر پہرہ دیں گے ،ہم رنگ و نسل اور کسی برادی کی تفریق کے بغیر علاقے کی ترقی پر توجہ مرکوز کریںگے،معیاری تعلیم ،صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام میں بہتری اولین ترجیح ہے،بڑے ہسپتالوں میں پیچیدہ امراض کے علاج معالجے کی جدید سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔دوران خطاب انہوں نے کہا کہ کسان اور نوجوان ہماری سب سے پہلی ترجیح ہیں ہمارے آنے سے کسانوں کی زندگیوں میں ایک واضح تبدیلی نظر آئے گی،ہم زراعت میں جدت بھی لائیں گے ، فیئر پرائس شاپس کے قیام سے کسانوں کو معیاری کھاد، بیج اور زرعی ادویات سرکاری نرخوں پر ملیں گی،ٹیوب ویل سولر پر منتقل ہونے سے ان کی پیداواری لاگت میں کئی گنا کمی ہو گی ۔
