مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے مابین نام لئے طنزیہ حملے جاری ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق مریم نواز کا آج لاہور میں جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ ایک شخص کہتا ہے نوازشریف نے ابھی تک منشور نہیں دیا، میں کہتی ہوں نوازشریف کا منشور اورنج لائن ہے، میں نواشریف کے 1500 منصوبے بتا سکتی ہوں، تنقید کرنے والے 15 سال میں 15 منصوبے نہیں گنوا سکتے۔ واضح رہے کہ یہ بات بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہی تھی اور اس کا جواب مریم نے دیا۔دوسری جانب بلاول بھٹو نے آج پھر نام لئے بغیر نوازشریف پر طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ شیر خود شکار کیلئے نہیں نکل رہا، وہ چاہتا ہے کوئی دوسرا میرے لئے شکار کرے۔ اُدھر شہباز شریف نے بھی بلاول کا نام لئے بغیر طعنہ مارا کہ’ ایک مہربان نے کہا کہ اقتدار میں آئے تو کوئی سیاسی قیدی نہیں ہو گا، اپنے مہربان کو مشورہ ہے کہ اس کے ساتھ ہی ذاتی جیلوں کے خاتمے کا اعلان بھی کر دیتے تو اچھا ہوتا۔ ان جیلوں میں بچوں، خواتین سمیت لوگوں پر ظلم کیا جاتا ہے، نہ تھانیدار بولتا ہے نہ ڈپٹی کمشنر، کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنا منشور 27 جنوری کو پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، اس میں ایک اہم نکتہ صدر مملکت کا عہدہ پارلیمنٹ سے ختم کرنا بھی شامل ہے۔
