مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے بورے والا میں خطاب کے دوران ‘تبدیلی’ پر گہرے طنز کئے۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کا بورے والا میں انتخابی جلسے کے دوران کہنا تھا کہ آپ لوگوں سے اتنے سال نہیں ملا تھا، بہت اداس ہو گیا تھا، آج انتہائی خوش ہوں آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ وہ وقت مجھے بھی یاد آتا ہے اور پوری قوم کو بھی جب روٹی 4 روپے کی ملتی تھی۔ 2017 میں روٹی کتنے کی ملتی تھی؟ آج کتنے کی ملتی ہے؟ کیا یہ ہے تبدیلی۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ تو ہم نے ختم کر دی تھی، بجلی سستی کر دی تھی، ہمارے دور میں جو بجلی کا بل 500 روپے آتا تھا آج 20 ہزار روپے آتا ہے، کیا یہ ہے تبدیلی؟ آج بجلی ، آٹا، گیس ،چینی ، گھی اور سبزیاں مہنگی ہیں۔ میرے دور میں دس ، دس روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں۔ نوازشریف نے سوال کیا کہ میرا دور یاد آتا ہے یا نہیں۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 2013 کے انتخابات کے دوران ‘تبدیلی’ کے نعرے کے ذریعے بڑی ریلیوں میں عوام کو متحرک کیا تھا، ان کا یہ نعرہ آج بھی عوام میں کافی مقبول ہے۔
