رہنما ن لیگ کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا نے ترقی کرنی ہے تو نواز شریف کا انتخاب کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کو صوبے میں دو مرتبہ اقتدار ملنے کے باوجود یہاں ترقی نہیں ہوئی۔پشاور کے علاقے سفید ڈھیری میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہناتھاکہ دو ماہ سے خیبرپختونخوا کے دورے پر ہوں، اس صوبے کی ترقی کیلئے یہاں سے نواز شریف کا انتخاب ضروری ہے۔خیبرپختونخوا اس مرتبہ این اے 15 سے وزیراعظم چنے گا،2013 میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے والے کو چند سازشیوں نے فارغ کیا،ہم پشاور سے پاراچنار اور تاجکستان تک موٹروے بنائیں گے۔ان کامزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک توڑنے کے ایجنڈے پرہیں، ہٹلر نے کہا تھا کہ کسی قوم کو تباہ کرنا ہوتو وہاں کے نوجوانوں کو گمراہ کردو،عمران خان نے ہمارے اخلاق اورقومی اقدار کو شدید نقصان پہنچایا،قومی اداروں اور جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے کیسے وفادار ہیں۔رہنما ن لیگ کا کہنا تھاکہ ریاست مدینہ صرف نعرہ لگانے سے نہیں بنتی ،اپنی نئی نسل کو بچانے کیلئے نوجوانوں کو پڑھانا ہوگا،ریاست مدینہ والے کے اپنے بچوں کو چھ کلمے نہیں آتے۔
