برطانوی فضائی کمپنی ریان ایئر کی ایک پرواز کا پائلٹ شراب کے نشے میں دھت مسافروں کی ہلڑ بازی کے سبب ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا۔ یہ پرواز سکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا سے ہسپانوی جزیرے ٹینریف جا رہی تھی۔ پرواز کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی نشے میں دھت مسافروں کے ایک گروپ نے ہلڑ بازی شروع کر دی۔ انہوں نے ساتھی مسافروں اور عملے کے اراکین کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا۔ اس وقت پرواز پرتگال کی فضائی حدود میں پہنچ چکی تھی جہاں پائلٹ نے مجبوراً ہوائی جہاز پرتگالی شہر پورتو میں اتار دیا۔
جہاز کی ہنگامی لینڈنگ ہوتے ہی پولیس آفیسرز طیارے میں آئے اورہلڑبازی کرنے والے مسافروں کو جہاز سے اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔ کچھ دیر پرواز پورتو میں رکنے کے بعد باقی مسافروں کو لے کر ٹینریف روانہ ہو گئی۔ ریان ایئر کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فضائی کمپنی تحقیقات میں پرتگالی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔
