بھارت میں ماہرین نے فضائی آلودگی کے مردوخواتین کی جنسی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرنے کے حوالے سے سخت وارننگ جاری کر دی۔ یادرہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی فضائی آلودگی سے متاثر ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی مردوں میں عضو مخصوصہ کی ایستادگی اور سپرمز کی مقدار اور کوالٹی پر بہت منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ بھارت کے متعدد شہروں کی فضامیں پارٹیکولیٹ میٹر (پی ایم 2.5)، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ(این او 2) اور اوزون (او3) کی مقدار بہت زیادہ پائی جا رہی ہے۔ یہ اجزاء خون کی وریدوں کو نقصان پہنچاتے ہیں ، جس سے عضو مخصوصہ میں خون کا بہائو کم ہو جاتا ہے، جو جنسی کمزوری پر منتج ہوتا ہے۔یہ اجزاء مردوخواتین میں ہارمونز لیول میں بھی بگاڑکا سبب بنتے ہیں اور سپرمز کے ڈی این اے پر بھی متاثر ہوتے ہیں، جس سے ان سپرمز کی افزائش نسل کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔ اس طرح یہ آلودگی خواتین میں حیض کی بے قاعدگی، حمل کی پیچیدگیوں اور جنسی خواہش کی کمی کا سبب بن رہی ہے۔
