امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ جمہوریت میں رائے کی اہمیت ہوتی ہے،عوام کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہونا چاہیے،ملک میں فارم 45کی حکومت ہونی چاہئے، فارم 47کی نہیں۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ جس کے پاس عوامی حمایت نہیں اسے حکومت میں نہیں آنا چاہیے،40سال سے ملک میں طلباءیونینز موجود ہیں،پاکستان میں ری الیکشن کی ضرورت نہیں،فارم 45کی بنیاد پر ایک ایک سیٹ کا فیصلہ ہونا چاہیے،جو ہارا ہے ہار جائے اور جو جیتا ہے وہ جیت جائے،الیکشن ہو چکا، فارم 45کی بنیاد پر حکومت بنائی جانی چاہیے۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے کہ جمہوریت کے فروغ کیلئے کام کرے،پاکستان میں جمہوریت کو آگے بڑھانا ہے تو پھر فیصلہ کرنا پڑے گا، عوام کا حق ہے کہ ووٹ کی طاقت سے کس کو منتخب کرنا ہے، ریاست کا مطلب پاکستان کے عوام ہیں،پاکستان کا ایک ایک فرد ریاست ہے۔
