اسلام آباد وزیر اطلاعت پنجاب عظمیٰ بخاری نے نازیبا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر فلک جاوید کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے فلک جاوید کے خلاف درخواست میں ایف آئی اے، وزرات داخلہ اور دیگر کو فریق بنایا ہے۔عظمیٰ بخاری نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ فلک جاوید نامی خاتون نے ان کی ٹویٹر پر نازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں، پہلے بھی فلک جاوید مختلف ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ فلک جاوید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا جائے اور عدالت ایف آئی اے کو فوری تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ طلب کرے۔لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک نازیبا ویڈیو پر میری تصویر لگا کر سوشل میڈیا پر اچھالا گیا، میری تصویر کوٹویٹر پر باقاعدہ طور پر ایک پارٹی کے لوگوں نے وائرل کیا، چیف جسٹس ہائیکورٹ لاہور ایک خاتون ہیں، میں بطور صوبائی وزیر نہیں بلکہ ایک خاتون کے طور عدالت سے انصاف لینے آئی ہوں۔ صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ کچھ 9مئی کی دہشتگرد بہنوں کو ہیرو بنا کر پیش کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی کی 2 خواتین نئی نئی ہیروئن بنی ہیں، 9مئی کی دہشتگردوں کوکہا جارہا ہے یہ قوم کی بیٹیاں ہیں، ہم بھی قوم کی بیٹیاں ہیں، ہمیں انصاف کون دے گا؟ عدالت سے پوچھنے آئی ہوں انصاف صرف پی ٹی آئی کو ملنا ہے یا کسی اور کے لیے بھی ہے، ہم قانونی کارروائی کرتے ہیں تو آگے نہیں بڑھنے دی جاتی۔مجھے بتائیں کیا میں لوگوں کے گھروں پہ جاکے دروازے کھٹکھٹاؤں کہ یہ ویڈیو میری نہیں ہے، میرے پاس عدالت ہی ایک پلیٹ فارم ہے جہاں سے میں ثابت کرسکتی ہوں کہ وہ ویڈیو فیک ہے.ان کا کہنا تھا کہ ان سے پہلے حنا پرویز بٹ،ثانیہ عاشق اور مریم اورنگزیب کی جعلی نازیبا ویڈیوز پھیلائی گئیں، عاصمہ شیرازی اورغریدہ فاروقی کے خلاف گندی مہم آج بھی چل رہی ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مذکورہ خواتین قوم کی بیٹیاں نہیں ہیں؟لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خواتین کو تحفظ دینے کے لیے کوششیں کررہی ہیں، عدلیہ کا بھی فرض ہے کہ خواتین اوربچیوں کو تحفظ دے، آج میں یہاں لاہور ہائیکورٹ میں انصاف کے لیے کھڑی ہوں، میں ان خوش قسمتوں میں سے تو نہیں جن کا نمبر 3منٹ میں لگ جائے، اس وقت پوری قوم انصاف کا دہرا معیار دیکھ رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments